ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل تنظیم نے کیا، کووڈ لاک ڈاون کے دوران فیڈریشن کی خدمات کا اعتراف؛ عید قرباں کے موقع پر الھلال کی خدمات کی بھی کی گئی ستائش

بھٹکل تنظیم نے کیا، کووڈ لاک ڈاون کے دوران فیڈریشن کی خدمات کا اعتراف؛ عید قرباں کے موقع پر الھلال کی خدمات کی بھی کی گئی ستائش

Sun, 05 Sep 2021 20:50:26    S.O. News Service

بھٹکل 5 ستمبر (ایس او نیوز) کورونا لاک ڈاون کے دوران بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کی خدمات کے اعتراف میں قومی سماجی ادارہ  مجلس اصلاح و تنظیم نے اتوار کو ایک تہنیتی اجلاس منعقد کیا اور فیڈریشن کو سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے ذمہ داران کی  تہنیت کی ۔ اسی طرح عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی ہڈیوں اور دیگر فضلہ جات کو گھر گھر سے اُٹھا  کر  محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا کام بخوبی انجام دینے  پر مخدوم کالونی کی الہلال اسوسی ایشن   کو بھی  میمنٹو پیش کیا گیا۔

یاد رہے کہ  مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کی سرپرستی میں 1993 میں قائم کیا گیا بھٹکل کے مختلف علاقوں کے اسپورٹس سینٹروں  کا متحدہ پلیٹ فارم بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن ابتداء سے ہی  قوم وملت کی خدمت میں کوشاں ہے۔ بھٹکل میں  اسپورٹس کو فروغ دینے کے ساتھ  ساتھ سماجی  خدمات میں بھی پیش پیش رہنے والے فیڈریشن کے نوجوانوں نے کووڈ وباء پھیلنے کے دوران   بھی گراں قدر خدمات انجام دی تھی، ایک ایسے وقت میں جب لاک ڈاون کی وجہ سے لوگوں کا گھروں سے باہرنکلنا دشوار تھا، فیڈریشن  کے نوجوانوں نے ضرورت مندوں  کی حاجت روائی میں اہم رول ادا کیا تھا۔ ایک طرف  فیڈریشن کے نوجوانوں نے تنظیم کی طرف سے  فراہم کی گئی راشن کٹس کو گھر گھر پہنچایا تھا، اسی طرح لاک ڈاون کے دوران    موبائل کلینک کے ذریعے گھر گھر پہنچ کر علاج معالجہ  فراہم کرتے ہوئے سینکڑوں مریضوں کی مدد کی تھی۔ یہاں تک کہ  کورونا کی پہلی لہر کے دوران   میتوں کو ہاتھ لگانے میں لوگ خوف محسوس کرتے تھے، فیڈریشن کے  نوجوانوں نے میتوں کو غسل دینے اور ان کی تدفین کا  کام  بھی بخوبی انجام دیا تھا۔ تنظیم کی طرف سے قائم کردہ کووڈ کئیر سینٹر کے لئے بھی فیڈریشن کی خدمات قابل ستائش  رہیں تھیں، ان سب خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے مجلس اصلاح و تنظیم کی طرف سے  ایک تہنیتی  جلسہ منعقد کرتے ہوئے نوجوانوں کی ستائش کی گئی  اور  ان کی بھرپور  ہمت آفزائی کی گئی۔

اس موقع پر تنظیم صدر سید   پرویز ایس ایم، نائب صدر محتشم برنی جعفر،  جنرل سکریٹری  عبدالرقیب ایم جے ندوی، سابق جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری دیگر ذمہ داران عنایت اللہ شاہ بندری، جیلانی شاہ بندری، مولوی یاسر برماور ندوی، محتشم جان عبدالرحمن، ایس جے سید ہاشم و غیرہ موجود تھے۔ فیڈریشن کی طرف سے فیڈریشن صدر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی، جنرل سکریٹری  عُمیر رکن الدین، نائب صدر مولوی انجم گنگاولی  ندوی و دیگر کافی  نوجوان موجود تھے، اسی طرح الہلال اسوسی ایشن کی طرف سے    صدر عبدالرحیم ،  جنرل سکریٹری روشن کندن گوڑا، مولوی جواد کوڑ مکّی  ندوی  وغیرہ موجود تھے۔


Share: